اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی پارلیمنٹ میں حکومت قانون اتحاد کے رکن عباس البیاتی نے کہا ہے کہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبہ صلاح الدین کے ایک سو دس دیہاتوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عراقی فوج کا اصل مقصد تکریت شہر کے مرکز میں داخل ہونا اور سرانجام بیجی شہر اور بیجی آئل ریفائنری کو آزاد کرانا ہے۔ عراقی رکن پارلیمنٹ نےحکومت سے کہا کہ وہ فوج اور عوامی رضاکار فورس کے لئے اسلحہ حاصل کرنے کی خاطر سفارتی ذرائع استعمال کرے۔ عراق سے موصولہ ایک اور خبر کے مطابق عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صلاح الدین میں اپنی پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے الدور علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ اسی طرح سعودی عرب کے ٹی وی چینل الحدث نے سامرا آپریشنل کمان کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ عراقی فوج تکریت کے جنوب میں البوعجیل کے علاقے میں داخل ہو گئی ہے۔ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبہ صلاح الدین میں گزشتہ پیر سے شروع ہونے والے آپریشن میں اب تک اس صوبے کے کئی اہم علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے اور وہ اب صلاح الدین کے سب سے بڑے شہر تکریت کی طرف پیش قدمی کر رہی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169